قلات جعلی مقابلہ: ہمارے بچوں کو ہمارے سامنے قتل کیا گیا – لواحقین

455

‏شیشہ ڈغار قلات میں سات روز قبل پاکستان فوج کت ایک جعلی مقابلے میں مارے گئے دو بھائیوں محمد اسماعیل اور محمد عباس کے لواحقین نے کہا ہے کہ پاکستانی فورسز نے رات 1 بجے گھر پر چھاپہ مار کر دونوں نوجوانوں گھر سے اٹھایا اور گھر سے تھوڑی دور لے جا کر مار کر پھینک دیا۔

‏متاثرین کا والد عبدالغنی فالج میں مبتلا ہے۔

ان کی والدہ کا کہنا ہے کہ رات 1 بجے وردی میں ملبوس کچھ افراد ہمارے گھر کی چھت پر چڑھے تھے۔ میں اور دونوں بیٹے سورہے تھے۔ پہلے انہوں نے ہمارے گھر میں گرنیڈ بم پھینکا، پھر فائرنگ شروع کھول دی۔

انہوں نے کہاکہ پھر تھوڑی دیر بعد میرے دو بیٹے، محمد اسماعیل جس کی عمر 20 سال تھی، جو خود بھی بیماری میں مبتلا تھا اور اگر صبح ایک گولی نہ کھاتا تو پورا دن مفلوج پڑا رہتا تھا، اور دوسرا بیٹا محمد عباس جس کی عمر 17 سال تھی، جو صبح سے شام تک زمینوں پر کام کرکے اپنے والد کی دوائیوں کا خرچہ اٹھاتا تھا، ان کو زبردستی اٹھا کر لے گئے۔

والدہ نے کہا کہ میں فوجی اہلکاروں کے پاؤں پکڑے اور کہا کہ میرے بیٹوں نے اگر کچھ کیا ہے تو انہیں پولیس اسٹیشن لے جائیں اور عدالت میں پیش کریں، اگر ثابت ہوا تو ان کو میرے سامنے مار دیں لیکن ظالموں نے میرے بیٹوں کو ماں کی جھولی سے اٹھا کر لے گئے اور تھوڑی دور لے جاکر مار کر پھینک دیا۔

‏ان کی والدہ نے کہا کہ انہیں لے جانے کے تھوڑی دیر بعد جب انہوں نے فائرنگ کی آواز سنی اور گھر سے تھوڑی دور ویرانے میں جا کر دیکھا تو ان کے دونوں لخت جگر گولیوں سے چھلنی پڑے تھے، اور پاکستانی فورسز انہیں مار کر لاوارث چھوڑ کر چلے گئے تھیں۔

والدہ نے بتایا کہ اپنے دو نوجوان بیٹوں کی لاشیں دیکھ کر چیختی رہی لیکن میری فریاد سننے کے لیے وہاں کوئی موجود نہیں تھا، نہ ہی کوئی ان ظالموں سے پوچھنے والا تھا کہ ان غریب بچوں کو بغیر کسی ثبوت کے کیوں مارا ہے۔

لواحقین نے کہاکہ ہم نے فورسز سے التجا کی ہے کہ اگر وہ کسی جرم میں ملوث ہیں تو انہیں پکڑ کر تھانہ لے جائیں لیکن انہوں نے ہمارے بچوں کو ہمارے سامنے مارا اور مقابلے کا نام دیا۔

یاد رہے کہ ضلع قلات میں پاکستانی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا تھا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا تھا کہ فورسز نے 6 اور 7 ستمبر کی درمیانی شب قلات میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا-

آئی ایس پی آر کے دعوے کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 مشتبہ افراد مارے گئے۔