حب: مسلح افراد کا گاؤں پر فائرنگ، دو افراد زخمی، اہل علاقہ کا احتجاج

276

تفصیلات کے مطابق حب شہر کے قریب بھوانی کے متعدد دیہاتوں کے افراد جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے سڑکوں پر نکل آئے اور شاہ پمپ کے مقام پر کوئٹہ ، کراچی مرکزی شاہراہ کو بلاک کر کے احتجاج کیا ۔

مظاہرین نے کہاکہ پولیس کی سرپرستی میں ایک مسلح گروہ پچھلے کئی ماہ سے محمد گوٹھ سمیت دیگر ملحقہ گوٹھوں کی زمینیں جو کہ وہاں پر صدیوں سے آباد مقامی قبائل کے گوٹھ گاؤں پر مشتمل ہیں وہ خالی کرانے اور اُن پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور زمینوں پر قبضہ کیلئے انہیں حراساں کیا جارہا ہے ۔

انھوں نے کہاکہ علاقے میں مسلح گروہ خوف کی علامت بن چکا ہے اور خوف کے مارے ہم اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ہم خوف کے مارے اپنے بچوں کو اسکول بھیج نہیں سکتے ۔

مظاہرین کے مطابق گزشتہ روز مسلح گروہ نے انکے گوٹھ پر حملہ کردیا اور اسلحہ اور ڈنڈوں سے لیس افراد نے اُن پر تشدد کیا اور فائرنگ کی جسکے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے ۔

مظاہرین نے کہا کہ قبضہ مافیا مسلح گروہ کو مقامی پولیس کی سرپرستی حاصل ہے پولیس میں بارہا شکایت کرانے کے باوجود کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا ۔

شاہراہ پر مظاہرین کے احتجاج کے سبب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور شاہراہ پر سفر کرنے والوں کو مشکلات اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا ۔

مظاہرین سے پولیس اور تحصیلدار حب نے مذاکرات کی کوشش کی تو انھوں نے انکار کردیا، بعدازاں اسسٹنٹ کمشنرحب نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کئے ۔

اے سی حب امیر حمزہ نے کہاکہ انھوں نے مظاہرین کو انکے حقوق کے تحفظ اور حملے میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی یقین دہانی کرائی ہے تاہم وہ موقع کا معائنہ کرینگے اور متاثرین کو انصاف دلایا جائے گا ۔

اے سی حب کے مذاکرات اور انصاف دلانے کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین منشتر ہو گئے اور احتجاج ختم کردیا ۔