بی این ایم کے وفد کا اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی ڈاکٹر ایلیسا مورجیرا سے ملاقات

479

بلوچ نیشنل موومنٹ کے جاری بیان کے مطابق پارٹی وفد نے اقوام متحدہ میں ماحولیاتی تبدیلی اور انسانی حقوق کی خصوصی نمائندہ ڈاکٹر ایلیسا مورجیرا سے ملاقات کی۔ اس وفد میں فہیم بلوچ ، نیاز بلوچ اور یوسف بلوچ شامل تھے۔

اس ملاقات میں پارٹی کے مذکورہ نمائندہ وفد نے بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال اور بلوچستان پر ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر بات کی ۔

انھوں نے ورکنگ گروپ کو بلوچستان میں ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلیوں پر پاک چین اربوں ڈالر کے منصوبوں کے اثرات سے آگاہ کیا۔ انھوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق حالیہ اعداد و شمار بھی پیش کیے۔

ماحولیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے والے یوسف بلوچ بھی اس وفد میں شامل تھے ،انھوں نے بلوچستان میں موسمیاتی تبدیلی کے خطرناک اثرات پر روشنی ڈالی۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں موسمیاتی بحران فطری نہیں بلکہ انسان کا پیدا کردہ ہے۔

جواب میں، ورکنگ گروپ برائے ماحولیات اور انسانی حقوق نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان اہم مسائل پر ایک جامع رپورٹ مرتب کریں گے اور پاکستان کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں گے۔

اس گروپ نے ماحولیاتی اور انسانی حقوق کے اس نازک بحران سے نمٹنے کے لیے بی این ایم اور دیگر متعلقہ تنظیموں کے ساتھ مزید ہم آہنگی کا عہد بھی کیا۔

بی این ایم نے رواں مہینے جنیوا میں بلوچستان کے گوناگوں مسائل کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنے کے لیے زبردست سفارتی مہم چلائی ہے جو اگلے مہینے تک جاری رہے گا۔ اس مہم کے سلسلے میں اقوام متحدہ کے مختلف ممبران سے ملاقاتیں کی گئیں اور بلوچستان کے معاملات کو اجاگر کیا گیا۔