گوادر: چودہ اگست کی تقریبات پر بم حملے

608

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں چودہ اگست کی تقریبات کو نامعلوم افراد نے بم حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔

تقریبات کو ساحلی شہر کے علاقے پسنی اور جیونی میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پسنی کے علاقے ببر شور کے مقام پر اسکول میں جاری چودہ اگست کی تقریب کو صبح دس بجے نشانہ بنایا گیا تاہم حملے میں نقصانات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہے۔

دھماکے کے بعد لوگ منشتر ہوگئے جس کے بعد تقریب منسوخ ہوگئی۔

دوسری جانب ساحلی شہر کے علاقے جیونی میں بھی ایک دھماکے کی اطلاعات ہیں۔ جہاں ہائی اسکول کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

دریں اثناء گوادر ہی کے علاقے پانوان سے حکام نے دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تاہم ان واقعات کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے جبکہ گذشتہ روز بلوچ لبریشن آرمی نے کوئٹہ میں دو تقریبات پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی۔

بی ایل اے نے جاری کردہ بیان کہا تھا کہ ہم واضح کرچکے ہیں کہ قابض پاکستانی فوج کی سرپرستی میں منعقد ہونے والے نام نہاد جشن آزادی کی تقاریب ہمارے نشانے پر ہونگے۔ قابض فوج کروڑوں روپے خرچ کرکے اس طرح کے تقاریب منعقد کرکے بلوچستان کو بزور قوت اپنا حصہ ظاہر کرنا چاہتا ہے، جو تاریخی و زمینی حقائق کے برعکس ہے، ان تقریبات کا مطمع نظر یہ تاثر دینا ہوتا ہے کہ بلوچ، قابض پاکستان کا حصہ ہیں۔