نیشنل ڈیموکریٹک کا زونل سینئر باڈی اجلاس کوئٹہ میں منعقد

64

این ڈی پی شال زون کا سینئر باڈی اجلاس ازلان بلوچ آرگنائزر شمس بلوچ ڈپٹی آرگنائزر منتخب ہوئے-

نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی شال زون کا آرگنائزنگ باڈی اجلاس بمقام شال منعقد ہوا جس میں مہمان خاص پارٹی کے مرکزی آرگنائزر شاہ زیب بلوچ ایڈوکیٹ جبکہ اعزازی مہمان مرکزی ڈپٹی آرگنائزر سلمان بلوچ اور مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی ممبر غنی بلوچ تھے۔

اجلاس میں مرکزی سرکیولر، تنظیمی امور، عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال سمیت آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے شامل تھے، اجلاس کا آغاز شہداء کی یاد میں خاموشی سے کیا گیا، جس کے بعد باقاعدہ مندرجہ ایجنڈوں پر سیر حاصل بحث ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہزیب بلوچ نے کہا کہ کسی بھی جماعت کے لئے تنظیمی نظم و ضبط نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے جو کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ جب تک کسی جماعت میں یکساں اور منظم اسٹرکچر نہیں ہوتا، وہ اپنے مقاصد کو حاصل نہیں کر سکتی بلکہ اسے آہستہ آہستہ جمود کی طرف لے جاتا ہے جو آخر کار جماعت کی تباہی کا سبب بنتا ہے۔

انہوں نے کہا سیاسی جماعتوں کی ترقی اور بقا کے لیے ضروری ہے کہ وہ جمہوری مرکزیت کے اصولوں پر کاربند رہیں اور جماعت میں فیصلے کرنے کا عمل جمہوری ہو، جس میں تمام اراکین کی رائے کو مدنظر رکھا جائے، لیکن فیصلہ ہوجانے کے بعد، اس پر عمل درآمد یکجہتی اور مرکزیت کے ساتھ کیا جائے اور منتخب ذمہداران کو جو مینڈیٹ حاصل ہوا ہے، اس کا احترام اور اس پر عمل درآمد ہر کارکن اور رہنما کی ذمہ داری بنتی ہے۔

پارٹی کے مرکزی رہنماء کا کہنا تھا تنظیم میں ایک توازن برقرار رکھنا ضروری ہے، جہاں لیڈرشپ اور کارکنان دونوں کی ذمہ داریاں واضح ہوں اور دونوں اپنی اپنی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے نبھائیں۔

انہوں نے کہا سیاسی کارکنوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے جذبات کو عقلی بنیادوں پر قائم رکھیں اور اپنے رویے کو صحیح سمت میں ڈھالیں جذباتی رد عمل کی بجائے، عقلی اور منطقی سوچ کے ساتھ کام کریں تاکہ جماعت کامیابی کے ساتھ منزل کی جانب گامزن ہو۔

انکا مزید کہنا تھا یے اسی وقت ممکن ہے جب تنظیمی ڈسپلن کو اہمیت دی جائے اور اس پر سختی سے عمل کیا جائے، تنظیمی آئین میں واضح شدہ تنظیمی ڈسپلن ہی ایک مضبوط، مستحکم اور کامیاب سیاسی جماعت کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے یہ جماعت کے اندرونی نظام کو منظم رکھتا ہے، جمود سے بچاتا ہے اور سیاسی پارٹی کو بہترین طریقے سے کام کرنے کے قابل بناتا ہے۔

آئندہ کے لائحہ عمل کے ایجنڈے میں زون کو فحال کرنے کے لئے مختلف فیصلے لئے گئے اور نئی آرگنائزنگ باڈی تشکیل دی گئی جس کے تحت ازلان بلوچ زونل آرگنائزر، شمس بلوچ زونل ڈپٹی آرگنائزر جبکہ فتح بلوچ، زاہد بلوچ، اور ثانیہ بلوچ زونل آرگنائزنگ باڈی کے ممبر منتخب ہوئے۔