نوشکی: ڈیورنڈ لائن پر پاکستانی اور افغان فورسز میں جھڑپ، ایک پاکستانی اہلکار ہلاک

569

بلوچستان کے ضلع نوشکی کے قریب ڈیورنڈ لائن پر پاکستانی اور افغان فورسز میں جھڑپ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی فورسز اہلکار ہلاک ہوگیا ۔

پاکستانی حکام کے مطابق یہ جھڑپ اتوار کی صبح دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً 200 کلومیٹر دور ضلع نوشکی کے نواحی علاقے گزنلی کے مقام پر ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر نوشکی امجد حسین سومرو نے جھڑپ کی تصدیق کی تاہم انہوں نے مزید کچھ بتانے سے گریز کیا۔

بتایا جارہا ہے کہ یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب فرنٹیئر کور بلوچستان نوشکی ملیشیا 102 ونگ کے اہلکار گزنلی چیک پوسٹ ٹاور نمبر چھ کے قریب ڈیورنڈ لائن پر پاکستان کی جانب سے لگائی گئی باڑ کی مرمت کرنے جارہے تھے اس مقام پر باڑ کو توڑنے کی اطلاع ملی تھی۔

جب ایف سی اہلکار قریب گئے تو سرحد پار سے مبینہ طور پر افغان فورسزکے مسلح اہلکاروں نے فائرنگ شروع کردی جس سے ایف سی کے صوبیدار طارق اقبال زخمی ہوگیا۔

ایف سی اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی اس طرح فائرنگ کا تبادلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔

27سالہ صوبیدار طارق کو پیٹ میں گولیاں لگی تھیں، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ ہلاک ہوگیا۔ ان کی میت آبائی علاقے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت روانہ کردیا گیا۔