بولان اور مستونگ میں فوجی آپریشن، ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ

882

بلوچستان کے ضلع بولان اور مستونگ میں پاکستانی فوج کی بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن جاری ہے جس میں گن شپ ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں۔

آج صبح پاکستان فوج نے مستونگ کے علاقوں مرو، ریشی، گیشک، شیشار اور گردنواح میں آپریشن کا آغاز کیا۔ کم از کم سات ہیلی کاپٹر علاقے میں دیکھے گئے ہیں جن کو مختلف مقامات پر شیلنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

دو روز قبل بھی مستونگ میں فوجی آپریشن کی گئی جہاں پاکستانی حکام نے جھڑپوں میں تین بلوچ آزادی پسندوں کو مارنے کا دعویٰ کیا تھا۔

دریں اثناء بولان کے علاقے مچھ، روشی، آب گم اور مارگٹ میں فوجی ہیلی کاپٹروں کی آمد و رفت جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق بڑے پیمانے پر زمینی و فضائی آپریشن کی جارہی ہے۔

پاکستانی حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

گذشتہ دنوں کوئٹہ کے نواحی علاقے زرغون میں دو روز تک فوجی آپریشن کی گئی تاہم حکام نے اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی۔

پاکستان فوج کے ‘آپریشن عزم استحکام’ کے اعلان کے بعد بلوچستان بھر میں فوجی نقل و حرکت میں اضافہ دیکھنے میں آئی ہے، مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر جنگی ساز و سامان کی ترسیل دیکھنے میں آئی۔

تاہم عسکری حکام نے اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔ خیال رہے ماضی میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ فوجی آپریشن تسلسل کیساتھ جاری رہے ہیں۔