بنگلادیش میں عوامی بغاوت اور شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد نئے کابینہ نے حلف اُٹھا لیا ہے
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کی سربراہی میں حلف اٹھا لیا ہے، صدر محمد شہاب الدین نے 15 رکنی عبوری کابینہ سے حلف لیا، بنگلہ دیش میں 17 سال بعد عبوری حکومت بننے جا رہی ہے۔
بنگلہ دیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزمان نے اعلان کیا تھا کہ عبوری حکومت کی تقریب حلف برداری جمعرات کی شام 8 بجے منعقد ہوگی۔
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات محمد یونس جمعرات کی دوپہر ڈھاکہ پہنچے تھے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیش واپسی سے ایک دن قبل محمد یونس نے اپنے بیان میں کہا کہ ’میں نہایت دلسوزی سے ہر ایک سے کہتا ہوں کہ پُرسکون رہیں ہر قسم کے تشدد سے دور رہیں صبر کے ساتھ ملک کی تعمیر کے لیے تیار ہو جائیں۔
بڑے پیمانے پر عوامی احتجاج کے نتیجے میں پیر کو شیخ حسینہ واجد کے بطور وزیراعظم اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد محمد یونس عبوری حکومت کے سربراہ بن گئے ہیں۔
ادھر بنگلہ دیش کے اٹارنی جنرل امین الدین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے وہ اکتوبر 2020 سے اس عہدے پر تھے۔