یورو اور کوپا امریکہ ٹورنامنٹ: اسپین و ارجنٹائن فائنلز میں پہنچ گئے

92

گذشتہ روز فٹبال کے دو بڑے ٹورنامنٹس کے سیمی فائنلز کھیلے گئے۔

یورو کپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں، جو اس وقت جرمنی میں جاری ہے، اسپین کا مقابلہ فرانس سے ہوا اسپین نے یہ میچ 2-1 سے جیت کر فائنل میں جگہ پکی کرلی۔

جرمنی کے شہر میونخ میں منعقدہ سیمی فائنل میں فرانس کے کولو میوانی نے 8ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو ابتدائی برتری دلا دی، تاہم اسپین نے اس کے بعد انتہائی جارحانہ انداز اپنایا۔

اسپین کے جارحانہ کھیل نے ٹورنامنٹ کی سب سے کم عمر ہسپانوی کھلاڑی لامین یامل کو موقع فراہم کیا جنہوں نے فرانسیسی دفاع کو دھوکہ دیتے ہوئے اور 21ویں منٹ میں گول کرکے اسپین کو برابری دلائی جبکہ کچھ ہی لمحے بعد اسپین کے ڈینی اولمو نے ایک اور گول کرکے برتری اسپین کے جھولی میں ڈال دی-

فرانس کی جانب سے سخت مزاحمت کی توقعات کے باوجود اسپین کا دفاع مضبوط رہا اور فرنچ ٹیم مزید کوئی گول کرنے میں ناکام رہا جس سے فرانس کا یورو کپ کا سفر یہیں اختتام ہوا۔

دوسری جانب امریکہ کے چیمپئن بننے کی دوڑ بھی جاری ہے، جہاں منگل کو دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کا مقابلہ کینیڈا سے تھا۔

امریکا کے شہر نیو جرسی میں کھیلے گئے میچ میں عالمی چیمپئنز کی ٹیم ارجنٹائن شروع سے ہی کینیڈا پر حاوی رہا، ٹیم کے کپتان میسی اور جولین الواریز کے ایک ایک گول نے کینیڈا کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا اور ارجنٹائن کو 31ویں بار کوپا امریکہ کے فائنل میں پہنچا دیا۔

یورو اور کوپا امریکہ سیمی فائنل میں مزید ایک ایک میچز رہتے ہیں جس کے بعد اتوار کو یورو کپ کا فائنل کھیلا جائیگا جبکہ اسکے اگلے ہی روز کوپا امریکہ کا فائنل منعقد کیا جائے گا-

یورو کپ 2024 کے آخری سیمی فائنل میں آج انگلینڈ کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہوگا جب کہ کوپا امریکہ میں یوروگوئے اور کولمبیا مدمقابل ہوں گے، جیتنے والی ٹیمیں فائنل میں اسپین اور ارجنٹائن سے ٹکرائینگے-