کولمبیا اور انگلینڈ یورو اور کوپا امریکہ کے فائنلز میں پہنچ گئے

98

یورو اور کوپا امریکہ، دو براعظموں میں کھیلے جانے والے دو اہم ترین ٹورنامنٹ، اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔

بدھ کے روز کھیلے گئے یورو کپ کے دوسرے اور آخری سیمی فائنل میں نیدرلینڈز کا مقابلہ انگلش ٹیم سے رہا جہاں، ڈچ ٹیم نے شاندار آغاز کرتے ہوئے ساتویں منٹ میں ہی چاوی سیمون کی مدد سے انگلش ٹیم کے خلاف پہلا گول کردیا-

انگلش ٹیم نے گیارہ منٹ بعد کپتان ہیری کین کی پنالٹی کک کی مدد سے کھیل ایک ایک سے برابر کردی-

میچ کے بقیہ حصے میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف گول کرنے کی بھرپور کوشش کی، ایک موقع پر انگلش کھلاڑی ساکا نے ڈچ دفاع کو توڑتے ہوئے گول تو کردیا تھا تاہم ریفری نے اسے آف سائیڈ قرار دیتے ہوئے گول ہذف کردیا۔

آخری لمحے تک ایسے محسوس ہورہا تھا کہ کھیل اضافی وقت میں چلا جائے گا، تاہم انگلش فارورڈ اولی واٹکنز نے آخری لمحات میں گول کر کے ڈچ ٹیم کے یورو کپ کے خواب کو چکنا چور کرتے ہوئے اور انہیں ٹورنامنٹ سے نکال باہر کردیا-

اس فتح کے ساتھ انگلینڈ دوسری باریورو کپ کے کسی فائنل میں پہنچ پایا ہے، اس سے قبل وہ 2020 کے فائنل میں اٹلی سے ہارے تھے اب اتوار کو انگلش ٹیم کا مقابلہ جرمنی کے شہر برہن میں اسپین سے ہوگا۔

دریں اثنا، کوپا امریکہ کا آخری سیمی فائنل امریکہ میں کھیلا گیا جہاں یوراگوئے کا مقابلہ کولمبیا سے ہوا۔

کوپا امریکہ کے سیمی فائنل میں کولمبیا نے یوراگوئے کو ایک گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے فائنل میں اب کولمبیا کا مقابلہ دفاعی چیمپئن ارجنٹائن سے ہوگا، جو اتوار کو امریکی وقت کے مطابق کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیمیں امریکہ کی چیمپئن بننے کے لیے مدمقابل ہوں گی۔