پنجگور مسلح حملہ، مارے جانے والے تین افراد کی شناخت ہوگئی

677

گذشتہ روز پنجگور میں مسلح افراد کے حملے میں مارے جانے سرکاری حمایت یافتہ افراد میں سے تین کی شناخت ہوگئی۔

گذشتہ روز پنجگور کے علاقے کیلکور میں مسلح افراد نے ایک حملے میں سرکاری حمایت یافتہ گروہ یعنی ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔

مذکورہ مقام پر جھڑپیں کئی گھنٹوں تک جاری رہی جبکہ بعدازاں فورسز کی بھاری نفری سمیت ہیلی کاپٹر بھی علاقے میں پہنچ گئے۔

اطلاعات کے مطابق ڈیتھ اسکواڈ سربراہ سعید لاٹو کا بھائی ناصر، جمیل ولد نزروک اور اسحاق ولد نزروک حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ زخمیوں میں لشو بالگتری اور مھردل بالگتری شامل ہیں۔

علاقائی ذرائع کے مطابق حملے میں مزید افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جن کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے تاہم بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں ماضی میں ‘ڈیتھ اسکواڈ’ اہلکاروں کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔

بلوچستان بھر میں پاکستانی حمایت یافتہ مسلح جتھے متحرک ہیں جنہیں حرف عام میں ڈیتھ اسکواڈز کے نام سے جانا جاتا ہے۔

مذکورہ جتھوں پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ منشیات، ڈکیتی و دیگر سماجی برائیوں میں ملوث ہیں جس کی انہیں پاکستان فوج و خفیہ اداروں نے اجازت دی ہے۔