پنجگور: سرکاری حمایت یافتہ جتھے اور سرمچاروں کے مابین جھڑپیں، فورسز و ہیلی کاپٹر پہنچ گئے

557

پنجگور میں سرکاری حمایت یافتہ جتھے اور بلوچ سرمچاروں کے مابین کئی گھنٹوں تک جھڑپیں، علاقے میں فورسز کی نفری اور ہیلی کاپٹر بھی مسلح جتھے کی کمک کیلئے پہنچ گئے۔

آج صبح پنجگور کے علاقے کیلکور میں بلوچ آزادی پسندوں نے سرکاری حمایت یافتہ مسلح جتھے یعنی ڈیتھ اسکواڈ کے ارکان پر حملہ کیا جس کے بعد علاقے میں جھڑپوں کا آغاز ہوا۔

علاقائی ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ جھڑپوں کا آغاز صبح گیارہ بجے کے قریب ہوا جبکہ یہ جھڑپیں شام چار بجے تک جاری رہیں۔

ذرائع کے مطابق سرمچاروں نے ڈیتھ اسکواڈ اہلکاروں کو کئی گھنٹوں تک گھیرے میں رکھا جبکہ تین ڈیتھ اسکواڈ اہلکاروں کی ہلاکت اور دو زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم اس حوالے سے تفصیلات آنا باقی ہے۔

سرکاری حمایت یافتہ جتھے کی کمک کیلئے بعدازاں پاکستانی فورسز کی نفری سمیت گن شپ ہیلی  کاپٹر پہنچ گئے۔ علاقائی ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹروں سے مختلف مقامات پر شیلنگ کی گئی۔

جھڑپوں میں آزادی پسندوں کی جانب سے نقصانات کی تاحال کوئی اطلاعات نہیں ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری بھی تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

بلوچستان بھر میں پاکستانی حمایت یافتہ مسلح جتھے متحرک ہیں جنہیں حرف عام میں ڈیتھ اسکواڈز کے نام سے جانا جاتا ہے۔

مذکورہ جتھوں پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ منشیات، ڈکیتی و دیگر سماجی برائیوں میں ملوث ہیں جس کی انہیں پاکستان فوج و خفیہ اداروں نے اجازت دی ہے۔