پسنی لوڈشیڈنگ سے تنگ شہریوں کا احتجاج، پولیس کا مظاہرین پر تشدد

135

پسنی میں بجلی کی بندش کے خلاف شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ، دکانیں، مارکیٹ اور مالیاتی ادارے بند، مشتعل خواتین نے کیسکو آفس کا گھیراؤ کرلیا-

اس دؤران انتظامیہ کی جانب خواتین پر مبینہ تشدد کے خلاف شہریوں نے احتجاجاً مکران کوسٹل ہائی وے کو بلاک کردیا جس کے باعث دونوں جانب سے ٹریفک مکمل طور پر بند ہوکر رہ گئی ہے-

مظاہرین کا کہنا تھا کہ پسنی میں آئے روز بجلی کی بندش کے خلاف شہریوں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کر دی، خواتین نے مشتعل ہو کر کیسکو آفس کا گھیراؤ کر لیا، خواتین پر ایس ڈی او کیسکو اور ایک کیسکو اہلکار نے مبینہ طور پر تشدد کرکے انھیں زخمی کر دیا جبکہ پولیس اور انتظامیہ نے ایس ڈی او کیسکو کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کردیا جس کے ردعمل میں شہریوں نے رکاوٹیں کھڑی کرکے مکران کوسٹل ہائی وے کو بلاک کردیا-

شاہراہ بند ہونے سے کراچی کا زمینی رابطہ مکران سے منقطع ہوگیا اور سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور سینکڑوں مسافر پھنس گئے-

دوسری طرف کیسکو پسنی کے ترجمان نے اپنا وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج کیسکو کے خلاف احتجاج کے سلسلے میں تمام اسٹاف انتظامیہ کے مشاورت سے کیسکو آفس کے باہر تھے اور دفتر کے احاطے سے دور تھے-

مظاہرین کا کہنا ہے پسنی کے رہائشی کیسکو حکام کے رویہ سے تنگ آچکے ہیں اگر پسنی کو بجلی فراہم نہیں کی جاتی تو احتجاجی سلسلے کو مزید سخت کرینگے جس کی ذمہ داری کیسکو اور مقامی انتظامیہ ہوگی-