بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے منعقدہ کردہ بلوچ راجی مچی کے شرکاء پر فائرنگ اور گوادر میں داخلے پر پابندی پر بین الاقوامی سطح پر شدید تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔
برطانیہ کے ویسٹ منسٹر ہال میں لیبر پارٹی کے رہنما اور ممبر پارلیمنٹ جان میکڈونل نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچ قومی اجتماع میں پرامن طور پر سفر کرنے والے لوگوں پر پاکستانی سیکورٹی فورسز کے حملے کی تشویشناک اطلاعات ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ حملہ بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عکاسی کرتا ہے۔ اس ظلم کو روکنے کے لیے اب پاکستانی حکومت پر دباؤ کی ضرورت ہے۔
خیال رہے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب کل یعنی اٹھائیس جولائی کو گوادر میں ایک جلسے کا انعقاد کرنا ہے جس میں شریک ہونے کے لئے بلوچستان بھر سے لوگ جارہے ہیں وہیں پاکستانی فورسز لوگوں کو روکنے کے لئے ناصرف روڈوں پر رکاوٹیں کھڑی کررہی ہیں کئی مقامات پر لوگوں کے اوپر اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی جس میں لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔