خضدار: پاکستانی فورسز نے چاکنگ کی پاداش میں سائرہ بلوچ سمیت دو تین خواتین کو حراست میں لے لیا

441

خضدار سے اطلاعات ہیں کہ بلوچ راجی مچی کیلئے خضدار میں چاکنگ کے دوران بلوچ یکجہتی کمیٹی کے اراکین کو پاکستانی فورسز نے کئی گھنٹوں گھیراؤ میں لے کر حراست میں لیا ہے۔

‏بلوچ رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے کہا ہے کہ جبری گمشدگی کے شکار آصف اور رشید کی بہن سائرہ اور ان کے ہمراہ دیگر خواتین کو خضدار شہر کھنڈ روڈ سے ایف سی کے کارندوں نے غیر قانونی حراست میں لیا ہے اور ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کررہے ہیں اور عوام کے ان قریب جانے نہیں دے رہے ہیں۔

‏انہوں نے کہاکہ یہ عمل جلتی پر تیل پھینکے والا کام ہے، اس ریاست کے نالائق حکمران اور اداروں کو کچھ بھی اندازہ نہیں ہے کہ وہ کیا کررہے ہیں۔ اگر سائرہ، سعدیہ اور دیگر بلوچ بہنوں کو فوری طور پر رہا نہیں کیا گیا تو بلوچ یکجہتی کمیٹی بہت جلد اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریگی۔

بی وائی سی خضدار نے بتایا کہ سائرہ اور ساتھیوں کو ایف سی گاڑیوں میں نامعلوم مقام منتقل کیا جارہا ہے جبکہ انکی گرفتاری کے خلاف سراپا احتجاج پر فائرنگ کی گئی ہے۔