حکومتی ارکان پرامن احتجاج کو سبوتاژ کرنے کے لئے مختلف پروپیگنڈہ کررہی ہے-
بلوچ طالب علم و بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماء ڈاکٹر صبیحہ بلوچ نے کوئٹہ میں جاری احتجاج مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم معاملہ سلجھا نے کے بجائے مزید بگاڑ پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے-
صبیحہ بلوچ نے کہا کہ حکومتی ارکان کو بتا دیا ہے جب تک ہمارے ساتھی رہا نہیں ہوتے اور احتجاجی مظاہریں کے مطالبات پورے نہیں ہوتے کوئٹہ ریڈزون پر جاری دھرنا ختم نہیں ہوگا-
بلوچ یکجہتی کمیٹی رہنماء نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ہم پرامن لوگ ہیں گذشتہ روز سے پرامن طریقے سے اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں، حکومتی احکامات پر پولیس نے ہمارے ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا البتہ نام نہاد حکومتی نمائندے اپنے ناکامی اور نا اہلی کو چھپانے کے لئے مظاہرین پر پرتشدد احتجاج کا الزام عائد کررہے ہیں-
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہم اب بھی حکومت سے کہتے ہیں ہمارا پرامن احتجاج جاری رہیگا اور مذاکرات اس صورت میں ہونگے جب ہمارے ساتھی بازیاب ہونگے بصورت دیگر مظاہرین کے خلاف کسی بھی عمل کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر ہوگی-