جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج کرنے والا ضعیف العمر شخص لاپتہ

259

کوئٹہ میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے احتجاجی دھرنے میں شریک بزرک شہری کو جبری لاپتہ کردیا گیا ہے-

تفصیلات کے مطابق رات گئے بلوچستان کے شہر کوئٹہ کے نواحی علاقے نواکلی سے فورسز کی بڑی تعداد نے ایک مکان پر دھاوا بول کر بزرگ شہری کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے-

کوئٹہ سے جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والے بزرگ کی شناخت کامریڈ رحمت اللہ بلوچ کے نام سے ہوئی ہے جو کوئٹہ کا رہائشی ہے-

مقامی ذرائع کے مطابق رحمت اللہ بلوچ گذشتہ دنوں بلوچ یکجہتی کمیٹی اور ظہیر بلوچ کے اہلخانہ کی جانب سے منعقد کردہ احتجاجی مظاہرے میں شریک تھے جہاں پولیس نے مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور اس دوران رحمت بلوچ کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی تھی-

دوسری جانب کوئٹہ سے متعدد سیاسی و سماجی کارکنان نے رحمت بلوچ کی جبری گمشدگی کی مذمت کرتے ہوئے بزرگ شہری کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے-