بلیدہ فوجی آپریشن: مزید دو افراد لاپتہ، گاڑی پر فائرنگ، جانی نقصانات کی اطلاع

418

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں پاکستانی فوج آج دوسرے روز بھی آپریشن میں مصروف ہے۔

فوجی اہلکار مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرنے سمیت علاقوں میں پیش قدمی کررہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق فورسز اہلکاروں نے مزید دو افراد کو  جبری لاپتہ کردیا ہے جن کی شناخت حفیظ ولد حمید اور داد جان ولد اسماعیل سکنہ گردانک کے ناموں سے ہوئی ہے۔

مزید ایک اور شخص کو جبری لاپتہ کرنے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم اس حوالے سے تفصیلات آنا باقی ہے۔

اطلاعات کے مطابق گذشتہ شب گیشتگ، گردانک کے مقام پر پاکستانی فورسز کے اہلکاروں نے ایک زمباد گاڑی پر فائرنگ کھول دی۔

علاقہ مکینوں کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد کے جانی نقصانات کی اطلاعات ہیں جبکہ مذکورہ گاڑی اسی مقام پر کھڑی جہاں گاڑی میں خون کے نشانات پائے گئے ہیں۔

پاکستان فوج کے ‘آپریشن عزم استحکام’ کے اعلان کے بعد بلوچستان بھر میں فوجی نقل و حرکت میں اضافہ دیکھنے میں آئی ہے گذشتہ دنوں مستونگ، نوشکی اور قلات میں بڑے پیمانے پر جنگی ساز و سامان کی ترسیل دیکھنے میں آئی۔

تاہم عسکری حکام نے اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔ خیال رہے ماضی میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ فوجی آپریشن تسلسل کیساتھ جاری رہے ہیں۔