بلوچ قوم 28 جولائی کے دن گوادر پہنچ کر دنیا پیغام دے کہ ہم زندہ و خوددار قوم ہے ۔ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ
بلوچ رہنماء ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے کہا ہے کہ پوری بلوچ قوم 28 جولائی کے دن اپنے گھروں سے، اپنے علاقوں سے نکل کر گوادر پہنچ کر پوری دنیا کو یہ پیغام دے کہ ہم ایک اعتزاز و زندہ قوم ہیں، باوقار اور خوددار قوم ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ نہ بلوچ لاوارث ہے نہ بلوچ سرزمین۔ اپنی قوم اور اپنی سرزمین کی دفاع کے خاطر مزاحمت زندہ تھی، مزاحمت زندہ ہے اور مزاحمت زندہ رہے گی۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کوئٹہ کی جانب سے سریاب، ہدہ اور بی وائی سی نوشکی کی جانب سے کلی قادر آباد میں کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں 28جولائی کو گوادر میں ہونے والے “بلوچ راجی مچی” کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔
دریں اثناء بی وائی سی کے رہنماء صبغت اللہ شاہ جی نے کہا ہے کہ بلوچ راجی مچی ہر قسم کے تنظیمی، تحریکی انجمن و پارٹی سے بالاتر ہوکر تمام بلوچ چاہے زندگی کے جس طبقے سے اس کا تعلق ہے پہلی بار صرف بلوچ ہوکر یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے کہ ہم سب بلوچ ہیں اور جب بھی اتحاد و یکجہتی کے لیے قوم کو بلایا جائے گا ہم ایک قوم بن کر دنیا کو اپنی یکجہتی دکھائیں گے۔