بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر تین افراد جانبحق 14 افراد زخمی ہوگئے ہیں-
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار میں زیروپوائنٹ کے ایریا میں موٹرسائیکل سوار کو بچاتے ہوئے پک اپ گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی جس میں سوار 6 افرادزخمی ہوئے ، جنھیں ٹراما سینٹر منتقل کردیاگیا جہاں انہیں فوری طبی امداد دی گئی ہے-
زخمیوں کا تعلق خضدار کے تحصیل کرخ سے بتائی جاتی ہے۔
ضلع قلات بینچہ کے قریب القدرت کوچ اور مزدا ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے ہیں ،اطلاع ملتے ہی زخمیوں کو قلات ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں پر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی-
زخمیوں میں جنت گل ولد عبدالمالک سکنہ سریاب روڈ کوئٹہ اور مرزا خان ولد صاحب جان کاکڑ سکنہ قلعہ سیف اللہ شامل ہیں-
ادھر حب چوکی ساکران میں ماموں ہوٹل کے قریب تیز رفتار پولیس وین اور سوزوکی گاڑی میں تصادم کے باعث 2 افراد جانبحق دو پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے ہیں-
مزید براں پنجگور تسپ پنچی میں پستول سے کھیلتے ہوئے بچے کے ہاتھوں گولی لگنے سے خان بی بی زوجہ محمد بخش نامی خاتون زخمی ہوگئی ہے جسے مزید طبعی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے-
دریں اثنا حب ساکران حسن پیر نالے کے قریب سے ڈوبی ہوئی ایک 35سالہ نامعلوم شخص کی نعش برآمد کر کے شناخت کیلئے حب اسپتال منتقل کردیا تاہم عدم شناخت کے سبب نعش ایدھی سردخانہ سہراب گوٹھ کراچی منتقل کردیا گیا ہے-