بلوچستان: حادثات اور واقعات میں 6 افراد جانبحق، 9 زخمی

70
File Photo

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر پانچ خواتین سمیت چھ افراد جانبحق 9 افراد زخمی ہوگئے ہیں-

تفصیلات کے مطابق اورماڑہ کے قریب چاہی کے مقام پر ٹرک اور کار میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں محکمہ پبلک ہیلتھ مکران سرکل کا سپرنٹینڈنٹ انجنئیر امان آسکانی اہلیہ سمیت چار افراد جانبحق ہوگئے-

سپرنٹینڈنٹ انجنیئر پبلک ہیلتھ مکران سرکل گوادر سے کراچی جا رہا تھا کہ ان کی گاڑی مخالف سمت سے آنے والی ٹرک سے تصادم کے نتیجے میں حادثے کا شکار ہو گئی لاشوں کو اسپتال منتقل کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے-

دوسری جانب صحبت پور سے کوئٹہ جانے والے گاڑی بختیار آباد نیشنل ہائی وے چکھڑا کے مقام کے قریب تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے میں خاتون جانبحق، 9 افراد زخمی ہوگئے ہیں-

لیویز حکام نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاش کو ریسکیو سینٹر بختیار آباد منتقل کیا، فرسٹ ایڈ دینے کے بعد زخمیوں کو ڈیرہ مراد جمالی روانہ کردیا گیا، زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

مزید برآں ڈیرہ اللہ یار شہر کے قریب حبیب اللہ موڑ کے مقام پر 19 سالہ لڑکی نہر میں گر کر ڈوب کر جان کی بازی ہارگئی، اطلاع ملنے پر فلاحی تنظیم کی ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر نہر سے لڑکی کی لاش نکال کر ایمبولینس پر ورثا کے حوالے کردی۔