بلوچستان: مختلف حادثات اور واقعات میں 9 افراد جانبحق، 18 زخمی

108
File Photo

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر 9 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ خواتین سمیت 18 افراد زخمی ہوگئے ہیں-

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے بسیمہ میں پکنک مناتے ہوئے پانی میں ڈوب کر ایک شخص جان کی بازی ہارگیا ہے، جس کی لاش نکال کر ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا-

دوسری جانب بارکھان فورٹ منرو گردو اسٹیل پل کے مقام پر سیاحو کی ویگن کھائی میں گرگئی جس کے نتیجے میں دو سیاح جانبحق اور 14 افراد زخمی ہوگئے ہیں، جانبحق افراد اور زخمیوں کو ڈیرہ غازی خان اسپتال منتقل کردیا گیا ہے-

مذکورہ گاڑی میں ایک ہی خاندان کے پندرہ سے زائد افراد سوار تھے، حادثے کا شکار ہونے والی وین میں افراد کا تعلق ضلع مظفرگڑھ علی پور سے تھا۔

ادھر دارالحکومت کوئٹہ کے سیاحتی مقام زیارت میں زیرو پوائنٹ کے مقام پر گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں ایک شخص جانبحق اور دو افراد شدید زخمی ہوگئے جنھیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے مذکورہ افراد کا تعلق ضلع پشین سے ہیں۔

آج بلوچستان کے مختلف اضلاع میں فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں-

بلوچستان کے علاقے بارکھان کے شہر رکھنی مل محلہ میں نامعلوم افراد کا گھر پر فائرنگ سے بدین کھیتران نامی شخص زخمی ہوگیا جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ فائرنگ کی وجوہات تاحال معلوم نہ نہیں ہوسکی مزید تفتیش پولیس کررہی ہے۔

فائرنگ ک ایک اور واقعہ میں پنجگور کے علاقے مکان میں پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے شبیر احمد ولد ادم سکنہ چتکان کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق مقتول ملنگ ٹائپ کا شخص تھا جنہوں نے مختلف قسم کے (مُہرگ)تسبیح و دیگر ملنگی چیز پہن رکھے تھی تاہم قتل کے وجوہات معلوم نہیں ہوسکے ہیں-

مزید بلوچستان کے تربت دشتی بازار میں دکان پر بیٹھے عابد ولد پیر بخش ساکن ملک آباد کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے-

اسی طرح اتوار کے روز حب الہ آباد ٹاؤن کے علاقہ دودا گوٹھ میں نامعلوم مسلح افراد نے کلینک میں گھس کر ڈاکٹر کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے، واقعہ میں قتل ڈاکٹر کی شناخت ڈیرہ مراد جمالی کے رہائشی غلام فرید سولنگی کے نام سے ہوئی ہے پولیس کے مطابق واقعہ زاتی ربخش کا شاخسانہ ہے-

حب میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ حبکو پولیس چوکی کے قریب ندی میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار کی فائرنگ سے شاہنواز نامی نوجوان زخمی ہوگیا-

مزید برآں چمن میں معمولی تکرار پر جھگڑا اور چاقو کے وار سے حافظ رمضان ولد معزاللہ قوم عثمان زئی نامی شخص جان کی بازی ہارگیا جس کی لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے-

دریں اثناء تین روز قبل بلوچستان کے سمندری علاقے اورماڑہ سمندر میں لاپتہ ہونے والے تین ماہی گیروں میں سے ماہیگیر آصف ولد شمبے کی لاش آج ماہیگیروں نے برآمد کرلی ہے جبکہ لاپتہ ہونے والے مزید دو ماہیگروں کی تلاش جاری ہے-