بلوچستان: فائرنگ و دیگر واقعات میں سات افراد جانبحق، 2 زخمی

201

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر خواتین سمیت سات افراد جانبحق جبکہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں-

تفصیلات کے مطابق پنجگور کے علاقے پیر عمر کے قریب سوتیلے بیٹے محمد حیات ولد عبدالغفور ساکن سبی حال پیر عمر پنجگور نے گھریلو رنجش پر فائرنگ کرکے اپنی سوتیلی ماں ساسائی اور سوتیلی بہن بے نظیر کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا-

واقعہ کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ ملزم کی تلاش جاری ہے-

دوسری جانب ضلع مستونگ کے علاقے شیرین آب میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے عبدالعزیز محمد شہی نامی شخص کو قتل کرکے فرار ہو گئے ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ پرانی رنجش کا شاخسانہ ہے۔

ادھر تربت ائیرپورٹ روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے تحصیلدار شیر جان دشتی کو شدید زخمی کردیا، واقعے کے بعد فوری طور پر مقامی افراد اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی تحصیلدار کو ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کر دیا گیا، جہاں انکی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

فائرنگ کے ایک اور واقعہ میں مچھ میں نامعلوم افراد کے فائرنگ سے لال جان مری نامی شخص جان کی بازی ہارگیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے-

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات میں پنجگور کے علاقے فٹبال چوک گرمکان میں مال بردار بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار سنجر ولد عبد الرشید نامی شخص جانبحق جبکہ عبدالوارث ولد امام بخش سکنہ گرمکان زخمی ہو گیا-

حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جب کہ پولیس نے کلینر عبدالغفار کو گرفتار کر کے بس کو تحویل میں لیا ہے-

جبکہ ایک اور روڈ حادثے میں مستونگ قومی شاہراہ پر غلام پڑینز کے قریب پک اپ گاڑی سے گر کر حبیب اللہ جتوئی ساکن بولان جانبحق ہو گیا جس کی لاش شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے-

دریں اثناء حب اٹک سیمنٹ فیکٹری سے متصل ندی سے ایک نامعلوم خاتون اور ایک 13سالہ بچی کی نعش برآمد کر کے شناخت کےلئے جام غلام قادر گورنمنٹ اسپتال حب منتقل کر دئیے تاہم ملنے والی نعیشں کئی روزہ پرانی ہونے کے سبب ناقابل شناخت ہیں۔