بلوچستان: حادثات اور واقعات میں پانچ افراد جانبحق، 8 زخمی

69
File Photo

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آج پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر پانچ افراد جانبحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے ہیں-

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے چتکان کالج روڑ کے قریب اسکول وین مخالف سمت سے آنے والی مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں اسکول وین میں سوار ڈرائیورسمیت 6 طالبات زخمی ہوگئے ہیں-

حادثے میں زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں چار گھنٹوں تک کوئی طبعی امداد فراہم نہیں کئے گئے جبکہ زخمی ڈرائیو اور دو بچیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جنھیں مزید علاج کے لئے کراچی منتقل کردیا گیا ہے-

دوسری جانب ہرنائی کے تحصیل شاہرگ میں تیز رفتاری کے باعث پک اپ گاڑی بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں نور محمد ولد محمد شاہین نامی شخص موقع پر ہی جانبحق ہوگیا لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کر دی گئی ہے-

ادھر گڈانی کے قریب کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ لک بدوک کے مقام پر پیر تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے 2 موٹر سائیکل سوار پاکستانی صوبے پنجاب کے رہائشی40 سالہ احسان احمد ولد محمد عرفان اور 22سالہ مزمل احمد ولد محمد اکرم نامی شخص جان کی بازی ہارگئے، واقعہ کی اطلاع ملنے پر ایدھی ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پہنچ کر نعشوں کو جام غلام قادر گورنمنٹ اسپتال حب میں منتقل کردیا ہے-

مزید اوستہ محمد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے مگسی برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو قتل کر دیا اور فرار ہوگئے، لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے-

دریں اثناء کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد تھانہ کے قریب گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو فوری طور ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،پولیس واقعہ کی تفتیش کررہی ہے۔