بجلی کا بحران، راجی مچی کے بعد غیر معینہ مدت کے لیے کوسٹل ہائی وے کو احتجاجاً بند کردیا جائے گا، آل پارٹیز اورماڑہ کا اعلان

124

اورماڑہ میں مسلسل رات کے اوقات بجلی کی عدم فراہمی کا مسئلہ تاحال برقرار ہے۔ مسلسل رات کے اوقات بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کے خلاف آل پارٹیز اورماڑہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا۔

انجمن تاجران، انجمن ماہیگیران، اورماڑہ نوجوان اتحاد کمیٹی، بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور سید مہیم جان پینل بھی آل پارٹیز اجلاس میں شریک رہے۔

اجلاس میں اورماڑہ میں مسلسل رات کے اوقات بجلی کی بندش کے خلاف باہمی مشاورت کے بعد آئندہ سخت لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ 28 جولائی کو گوادر میں منعقد ہونے والی بلوچ قومی اجتماع کے فوراً بعد بازاریں، دوکانیں، کاروباری مراکز، سڑکیں، سمندر اور مکران کوسٹل ہائی وے غیر معینہ مدت کے لیے احتجاجاً بند کر دیے جائیں گے۔

اجلاس میں لائحہ عمل میں چند دنوں کی تاخیر کی وجہ 28 جولائی کو گوادر میں منعقد ہونے والی بلوچ راجی مچی بتائی گئی ہے اجلاس میں متفقہ طور پر کہا گیا کہ ہم بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے منعقد ہونے والی بلوچ قومی اجتماع کی حمایت کرتے اور بلوچ قومی مچی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

مزید برآں اجلاس میں طے کیا گیا کہ اگر اورماڑہ میں بجلی کی عدم فراہمی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل نہ کیا گیا تو بلوچ قومی اجتماع کے بعد تب تک سخت احتجاج جاری رکھا جائے گا جب تک کیسکو کے اعلی حکام مسئلے کا مستقل حل تلاش نہیں کر لیتے۔

اجلاس کے آخر میں کہا گیا کہ سلسلہ وار احتجاج کی شروعات میونسپل کمیٹی اورماڑہ اور تحصیلدار دفتر اورماڑہ سے کی جائے گی کہ دو روز قبل میونسپل کمیٹی میں ہونے والی اجلاس میں چیئرمین ایم سی اور تحصیلدار اورماڑہ کی جانب سے مسئلے کے حل کے لیئے اعلی حکام سے بات چیت کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی جبکہ تاحال موصوفین کی جانب سے معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کر لی گئی ہے۔

واضح رہے گزشتہ دو روز قبل آل پارٹیز کی جانب سے میونسپل کمیٹی اورماڑہ میں بجلی کی طویل دورانیے بندش اور مسلسل رات کے اوقات بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کے خلاف اجلاس کا انعقاد کیا تھا جس میں مسئلے کے حل کے لیئے دو دنوں کا الٹی میٹم دیا گیا تھا۔