بارکھان: پاکستانی فورسز کے کیمپ پر حملہ، کیچ میں حملہ آور جانبحق

556

بلوچستان کے ضلع بارکھان میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کو ایک حملے میں نشانہ بنایا ہے جبکہ کیچ میں پاکستانی فورسز کیساتھ جھڑپ میں ایک حملہ آور جانبحق ہوگیا۔

بارکھان کے علاقے رکنی میں بدی کے مقام پر پاکستانی فورسز کے مرکزی کیمپ پر گذشتہ رات حملہ کیا گیا۔

حملے میں فورسز اہلکاروں کے جانی نقصانات کی اطلاعات ہیں تاہم حکام نے اس حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔

قبل ازیں کیچ کے علاقے گیشکور میں گذشتہ رات مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے پوسٹ اور تعمیراتی کمپنی کی مشینری کو حملے میں نشانہ بنایا تھا۔

یہ واقعہ ضلع کیچ کے علاقے سامی گیشکور کے مقام پر پیش آیا جہاں رات گئے نامعلوم افراد نے فورسز کے چوکی کو نشانہ بنایا جبکہ اسی وقت نامعلوم افراد نے مذکورہ مقام پر تعمیراتی کمپنی کی مشینری کو نذر آتش کر کے ناکارہ بنا دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ایک حملہ آور جانبحق ہوا ہے تاہم حکام نے اس حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

حملہ کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے تاہم مذکورہ علاقوں میں بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں متحرک ہیں۔