یوروکپ ناک آؤٹ مرحلہ: اٹلی کو سوئٹزرلینڈ، ڈنمارک کو جرمنی سے شکست

76

یورو کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کا ہفتہ کو آغاز ہوچکا ہے جہاں کوارٹر فائنل کے لیے 16 ٹیمیں مدمقابل ہیں-

جرمنی کے برلن میں کھیلے گئے پہلے ناک آؤٹ مرحلے میں سوئز لینڈ اور اٹلی مدمقابل ہوئے جہاں حیران کن موڑ میں سوئٹزرلینڈ نے اٹلی کو 2-0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پیش قدمی کرتے ہوئے اٹلی کا یورو کپ کا سفر ختم کردیا ہے۔

برلن اولمپیاسٹیڈیئن میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں سوئٹزرلینڈ کے مڈفیلڈر ریمو فریولر نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ تھوڑی دیر بعد، ونگر روبن ورگاس کے گول نے سوئٹزرلینڈ کا غلبہ مضبوط کردیا اور کوارٹر فائنل میں اپنے ٹیم کے لئے جگہ بنالی ہے۔

ناک آؤٹ مرحلے کا دوسرا میچ جرمنی اور ڈنمارک کے مابین جرمنی کے شہر ڈورٹمنڈ میں کھیلا گیا جہاں میں میزبان جرمنی نے ڈنمارک کو 2-0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ بنالی ہے-

کھیل کے شروع میں، جرمن کھلاڑی نیکو شلوٹربیک کے ممکنہ گول کو قواعد کی خلاف ورزی کی وجہ سے مسترد کر دیا گیا، جس سے عارضی طور پر ڈنمارک کو حوصلہ ملا، تاہم کھیل کے دوسرے ہاف میں کائی ہاورٹز اور جمال موسیالا کے گول نے جرمنی کی فتح یقینی بناتے ہوئے ڈینمارک کو ریس سے باہر کردیا ہے-

یورو کپ اب مزید مشکل اور دلچسپ مرحلے کی طرف بڑھ رہا ہے، جرمنی اور سوئٹزرلینڈ دونوں نے اپنی صلاحیتیں ثابت کرتے ہوئے کوارٹر فائنلز میں جگہ بنالی ہے، شائقین آنے والے میچوں کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں کیونکہ مقابلہ شدت اختیار کررہا ہے۔

آج اتوار کو ناک آؤٹ مرحلے میں مزید دو میچز کھیلے جائینگے جہاں انگلینڈ کا مقابلہ سلوواکیہ اور اسپین جورجیاء کے خلاف کھیلے گا-