پسنی: بجلی بندش کے خلاف کے شہریوں نے زیرو پوائنٹ پر مکران کوسٹل ہائی وے کو احتجاجاً بند کر دیا

79

بلوچستان کے ساحلی علاقہ پسنی میں بجلی کے ستائے شہریوں نے زیرو پوائنٹ پر مکران کوسٹل ہائی وے کو احتجاجاً بند کر دیا ۔

شاہراہ کے دونوں اطراف کراچی آنے اور جانے والی گاڑیاں اور مسافر پھنس گئے، پسنی ، گوادر ، جیونی ، تربت سمیت مکران کے دیگر شہروں کا زمینی رابطہ کراچی سے منقطع ہوگیا ۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کو ہر ماہ بے جا طور پر بل بیجھے جاتے ہیں اور اوور بلنگ کی وجہ سے غریب عوام بلوں کی ادائیگی نہیں کرسکتے جبکہ انھیں سننے کے بجائے وارڈ نمبر چار کی آبادی کا نصف حصے کی بجلی کاٹ دی گئی ہے جو تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دوسری طرف پورے شہر کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے، انہوں نے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک علاقے میں بجلی اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہیں ہوتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا اور شاہراہ کو ٹریفک کے لیے نہیں کھولیں گے۔