ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: آسٹریلیا کو افغانستان کے سامنے شکست کا سامنا

102

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے دوران افغانستان نے آسٹریلیا کو شکست سے دو چار کردیا۔

ہفتے کو کنگز ٹاؤن میں کھیلے جانے والے اس میچ میں افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے، جواب میں آسٹریلوی ٹیم اپنی تگڑی بیٹنگ لائن کے باوجود لڑکھڑا گئی اور 20 اوور بھی پورے نہ کھیل سکی اور صرف 127 رنز بنا سکی۔

ٹاس جیت کر جب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بولنگ کا فیصلہ کیا تو کسی کے گمان میں بھی نہیں تھا کہ اس ورلڈ کپ میں اب تک ناقابل شکست رہنے والی آسٹریلوی ٹیم کو اس میچ میں شکست کا ذائقہ چکھنا پڑے گا۔

افغانستان کے ابتدائی بلے بازوں رحمنٰ اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے نہایت ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے اپنی ٹیم کو 100 رنز تک پہنچا دیا۔

149 رنز کا ہدف حاصل کرنے لیے آسٹریلوی ٹیم میدان میں اتری تو محسوس ہو رہا تھا کہ اب مقابلہ یک طرفہ ہو گا لیکن مشکل وکٹ پر افغانستان کے تجربہ کار بولنگ سے اس میچ کو دلچسپ بنانے کی امید بہرصورت موجود تھی۔

تاہم سپنرز کے آنے سے قبل ہی افغانستان کے تیز گیند باز نوین الحق نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کی دیوار میں پہلا شگاف کر ڈالا جب انہوں نے ٹریوس ہیڈ کو بغیر کسی سکور کے بولڈ کر دیا۔اس کے بعد افغانستان کی جانب سے رہی سہی کسر گلبدین نائب نے نکالی اور چار اوورز میں 20 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔

نوین الحق نے بھی تین وکٹیں اپنے نام کیں۔ رواں ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے فضل حق فاروقی اس میچ میں کوئی وکٹ نہ حاصل کر سکے۔

صفر سے آسٹریلوی وکٹیں گرنے کا شروع ہونے والا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور گلین میکس ویل کے علاوہ کوئی بھی آسٹریلوی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔

میکس ویل نے 41 گیندوں پر 59 رنز بنائے اور ٹھیک اس موقعے پر آؤٹ ہو گئے جب آسٹریلیا کے میچ میں واپس آنے کی امید جاگی تھی۔آسٹریلوی ٹیم 19.2 اوورز میں 127 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ افغانستان کے گلبدین نائب کو اس میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جس کے بعد کل 24 جون کو کھیلا جانے والا انڈیا اور آسٹریلیا کا میچ اس بات کا فیصلہ کرے گا آسٹریلوی ٹیم اس ورلڈ کپ میں اپنا سفر جاری رکھ سکتی ہے یا نہیں۔

اگر آسٹریلیا انڈیا سے جیت جاتا ہے تو بھی افغانستان کی بنگلہ دیش سے جیت کا بڑا مارجن آسٹریلیا کو واپسی کی راہ دکھا سکتا ہے۔

اگر افغانستان بنگلہ دیش کے خلاف اپنا میچ جیت جاتا ہے اور انڈیا آسٹریلیا کو شکست دے دیتا ہے تو آسٹریلیا اس ورلڈ کپ سے باہر ہو جائے گا۔