وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس، عزم استحکام آپریشن کا اعلان

256

نیشنل ایکشن پلان ایپکس کمیٹی اجلاس میں پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف ’عزم استحکام‘ آپریشن لانچ کرنے کی منظوری دے دی۔

پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد شائع ہونے والے اعلامیے کے مطابق تمام سٹیک ہولڈرز نے اتفاق رائے سے دہشتگردی کے خلاف ’عزم استحکام‘ آپریشن شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ’عزم استحکام‘ آپریشن دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے قومی عزم کا اظہار ہے۔

آج ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزرا، صوبائی وزرائے اعلی، چیف سیکرٹریز نے شرکت کی اور انسداد دہشت گردی کی جاری مہم کا ایک جامع جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں داخلی سلامتی کی صورتحال، نیشنل ایکشن پلان کے کثیرالجہتی اصولوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں خامیوں کی نشاندہی پر زور دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق انسداد دہشت گردی کی جامع اور نئی جاندار حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور چینی باشندوں کی سکیورٹی کے لیے وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئے ایس او پیز متعلقہ اداروں کو ارسال کر دیے گئے جو چینی باشندوں کو جامع سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے طریقہ کار وضع کریں گے۔

ایپکس کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق سیاسی اور سفارتی سطح پر علاقائی تعاون کے ذریعے دہشت گردوں کی آپریشنل سپیس ختم کرنے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں گی۔