نوشکی اور ڈیرہ بگٹی سے دو افراد لاپتہ، تربت سے دو افراد بازیاب

145

ڈیرہ بگٹی اور نوشکی سے پاکستانی فوج نے دو افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔

لاپتہ ہونے والوں کی شناخت امان اللہ ولد عبداللہ سمالانی اور جعفر ولد ملہار بگٹی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوشکی کے علاقے کلی جمالدینی سے پاکستانی فورسز نے رواں مہینے 10 جون 2024 کو امان اللہ ولد عبداللہ سمالانی نامی شخص کو صبح کے وقت کلی جمالدینی میں انکے گھر پر چھاپہ مارکر حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ امان اللہ کو کسی عدالت میں بھی پیش نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ ان کی سلامتی کیلے پریشان ہیں۔ انہوں نے سرگرم سیاسی سماجی، انسانی حقوق کے اداروں سے آواز اٹھانے کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب ‏گذشتہ روز ڈیرہ بگٹی شہر سے پاکستانی فوج نے جعفر ولد ملہار بگٹی کو حراست بعد لاپتہ کردیا ہے۔

ادھر تربت سے اطلاعات ہیں کہ بلیدہ سے جبری گمشدہ کیے گئے نصرم پیر بخش اور پریز غنی بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے۔

ان دونوں کی بازیابی کے لیے اہل خانہ نے پچھلے ہفتے ڈپٹی کمشنر کیچ کی آفس کے سامنے پانچ دنوں تک دھرنا دیا تھا بعد میں ضلعی انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔

لاپتہ نصرم پیربخش اور پزیر غنی کے بازیابی کی تصدیق ان کے اہل خانہ نے کی ہے۔