زامران، قلات: پاکستانی فورسز پر حملہ، ڈیتھ اسکواڈ اہلکار ہلاک

488

بلوچستان کے ضلع کیچ میں مسلح افراد نے ایک حملے میں پاکستان فورسز کے پیدل اہلکاروں کو نشانہ بنایا ہے جبکہ قلات میں مسلح حملے میں سرکاری حمایت یافتہ شخص ہلاک ہوگیا۔

ٹی بی پی نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق آج دوپہر کو زامران کے علاقے جاھفشان اور تنک کے درمیانی علاقے میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کو اس وقت گھات لگاکر نشانہ بنایا جب وہ پیدل گشت کررہے تھے۔

حملے میں فورسز کو جانی نقصانات اٹھانے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب قلات کے علاقے شور پارود میں مسلح افراد کے حملے میں سرکاری حمایت یافتہ مسلح جتھے کا ایک رکن ہلاک ہوگیا ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت حمزہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ حملہ آوروں نے اس کا اسلحہ بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔

مذکورہ شخص پر اس سے قبل بھی حملے ہوئے تھے جن میں وہ محفوظ رہا تھا۔

قلات بلوچستان کے شورش سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ شور پارود و اس سے متصل علاقوں میں بلوچ آزادی پسند تنظیمیں متحرک ہیں، مذکورہ تنظیموں کی جانب سے پاکستانی فورسز اور ان کے حمایت یافتہ افراد کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔