روس: داغستان میں مسیحی اور یہودی عبادت گاہوں پر حملے میں آٹھ اموات

153

روسی حکام کے مطابق ملک کے خطے داغستان میں مسلح افراد کے مسیحی اور یہودی عبادت گاہوں پر ’دہشت گرد‘ حملے میں آٹھ پولیس اہلکار اور پادری جان سے گئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس کے شمالی قفقاز خطے داغستان میں یہ واقعہ اتوار کی شام پیش آیا جب مسلح افراد نے گرجا گھروں اور یہودی عبادت گاہوں پر حملہ کیا جس میں کم از کم آٹھ پولیس اور نیشنل گارڈ کے افسران اور ایک پادری جان سے گئے۔

روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے کہا کہ اس نے داغستان میں ’دہشت گردی کی کارروائیوں‘ کے حوالے سے ’مجرمانہ‘ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ یہ خطہ مسلم اکثریتی خطے چیچنیا کے قریب واقع ہے۔

حکام کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے داغستان کے سب سے بڑے شہر ماخچکالا اور ساحلی شہر ڈربنت میں بیک وقت حملے شروع کیے۔

داغستان حکومت کے سربراہ سرگئی میلیکوف نے ٹیلی گرام پر جاری اپنی پوسٹ میں لکھا: ’آج شام ماخچکالا اور ڈربنت میں میں نامعلوم (حملہ آوروں) نے ہمارے معاشرے میں حالات کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی۔‘

انہوں نے یوکرین میں جنگ کا حوالہ دیے بغیر مزید کہا: ’ہم جانتے ہیں کہ ان دہشت گردانہ حملوں کے پیچھے کون ہے اور ان کے کیا مقاصد ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ہمیں سمجھنا چاہیے کہ جنگ ہمارے گھروں تک پہنچ چکی ہے۔ ہم نے اسے محسوس کیا تھا لیکن آج ہم اس کا سامنا کر رہے ہیں۔‘

سرگئی میلیکوف نے کہا کہ ڈربنٹ اور ماخچکالا میں حملہ آوروں کے خلاف آپریشن کا ’فعال مرحلہ‘ ختم ہوگیا ہے اور چھ حملہ آوروں کو ختم کر دیا گیا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ حکام ’ان سلیپر سیلز کے تمام ارکان کو تلاش کرنے کی کوشش کریں گے جنہوں نے (حملوں) کی منصوبہ بندی کی جن میں بیرون ملک (سہولت کار) بھی شامل ہیں۔‘

روسی حکام نے بتایا کہ پولیس نے ماخچکالا میں چار اور ڈربنٹ میں دو مسلح افراد کو مار گرایا۔

روسی آرتھوڈوکس چرچ کے سربراہ اور کریملن کے پرجوش حامی پیٹریارک کیرل نے اس حملے کے ردعمل میں کہا کہ ’دشمن روس میں بین المذہب ہم آہنگی کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘

قومی انسداد دہشت گردی کمیٹی نے آر آئی اے نیوز ایجنسی کو ایک بیان میں کہا کہ حملوں میں ’دو آرتھوڈوکس چرچز، ایک یہودی عبادت گاہ اور ایک پولیس چوکی کو نشانہ بنایا۔

حکام نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دہشت گردانہ حملوں کے نتیجے میں روسی آرتھوڈوکس چرچ کے ایک پادری اور پولیس افسران مارے گئے۔