تربت: لیویز تھانہ ھوشاپ پر مسلح افراد کا حملہ، تھانے کا اسلحہ ضبط

491

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ھوشاپ میں مسلح افراد نے لیویز تھانے پر حملہ کرکے عملے کو یرغمال بنایا اور تھانے کا پورا اسلحہ ضبط کرکے اپنے ہمراہ لے گئے۔

سرکاری ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ لیویز تھانہ ہوشاپ میں مسلح افراد نے اچانک حملہ کرکے عملے اور سیکیورٹی اہلکاروں کو یرغمال بنایا اور تھانہ کا پورا اسلحہ لوٹ کر لے گئے۔

سرکاری اطلاع کے مطابق یہ واقعہ آج صبح 4:45 کو پیش آیا، حملہ آور جاتے ہوئے لیویز اہلکاروں کے موٹرسائیکل اور ذاتی سواری بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

ذرائع کے مطابق حملہ آور موٹرسائیکلوں پر سوار تھے جن کی صحیح تعداد کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا تاہم وہ دو درجن سے زیادہ تھے۔

واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور دیگر فورسز نے ملزمان کی گرفتاری اور اسلحہ کی برآمدگی کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کی ہے اور تلاش کا کام شروع کردیا ہے۔