تربت: لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے دھرنا جاری، ضلعی چیئرمین کے ساتھ مذاکرات ناکام

176

لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے ڈپٹی کمشنر کیچ کی آفس کے مرکزی گیٹ پر دھرنا بدستور جاری ہے۔

بدھ کو ضلع کونسل کے چیئرمین ہوتمان اور اے ڈی سی کیچ خلیل مراد نے دھرنا گاہ جاکر مظاہرین کو بات چیت آگے بڑھانے کی دعوت دی تاہم دو گھنٹے سے زیادہ بات چیت بالآخر بغیر نتیجہ ختم ہوگئی۔

مظاہرین نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے دھرنا مشروط کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک یہاں جتنے خاندان بیٹھے ہیں ان کے لاپتہ پیارے بازیاب نہیں کیے جاتے وہ دھرنا ختم کرکے ڈپٹی کمشنر آفس کا گیٹ کھولنے نہیں دیں گے۔

چیرمین کی جانب سے بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے دھرنا ختم کرنے کی پیش کش مسترد کرتے ہوئے لاپتہ افراد کے لواحقین نے کہاکہ اس سے قبل بھی انہیں ایسی تسلیاں دے کر ورغلایا گیا ہے اس لیے وہ وعدوں پر بھروسہ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بلیدہ سے مجبوراً لانگ مارچ کرکے تربت آئے ہیں اس لیے وہ کسی اہم پیش رفت کے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔

اس سے قبل چیرمین ضلع کونسل کیچ میر ہوتمان نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے لاپتہ افراد کے اہل خانہ کو دھرنا ختم کرکے واپس جانے کی پیش کش کرتے ہوئے ان کے لاپتہ پیاروں کی بازیابی کے لیے موثر کردار ادا کرنے اور انہیں جلد خوش خبری دینے کی بات کی تھی۔