تربت: عید کی تیسرے روز جبری لاپتہ افراد کے لواحقین کا دھرنا جاری

76

ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں شہید فدا چوک پر لاپتہ افراد کے لواحقین کا آج عید کے تیسری روز بھی احتجاجی دھرنا جاری ہے ۔

پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگیوں کے خلاف جبری لاپتہ افراد کے لواحقین کی جانب سے عید کے پہلے روز احتجاجی دھرنا اور ریلی نکالی گئی تھی جہاں آج بھی احتجاجی دھرنا جاری ہے۔

مظاہرین اپنے جبری لاپتہ پیاروں کی بازیابی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک ہمارے پیارے بازیاب نہیں ہو نگے ہم سڑکوں پر دھرنا دینگے۔

یاد رہے کہ دو ہفتے قبل کیچ کے ڈپٹی کمشنر نے لاپتہ افراد کے لواحقین کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کے پیاروں کو 3 دن میں بازیاب کرایا جائے گا، تاہم آج دو ہفتے گزرنے کے باوجود انکے پیارے بازیاب نہیں ہوسکے ہیں ۔

واضح رہے کہ اس وقت تربت میں گرمی 46 سنٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ ہم شدید گرمی میں اپنے پیاروں کے لئے سراپا احتجاج ہیں ، انصاف کے حصول تک احتجاج کرتے رہینگے ۔