بلوچستان :مختلف واقعات میں چار افراد جانبحق، 21 زخمی، لاش برآمد

137
File Photo

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر بچوں سمیت چار افراد جانبحق، 21 زخمی جبکہ ایک لاش برآمد ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 11اور 12 جون کی درمیانی شب خضدار کے علا قے چمروک اور جھالاوان کمپلیکس کے درمیانی علاقے میں دو مسافر بسوں کے درمیان اس وقت حادثہ پیش آیا جب انہوں نے ٹریکٹر کو بچانے کی کوشش کی۔

خضدار حادثے میں 21 افراد زخمی ہوئے جنہیں میڈیکل ٹیموں نے ریسکیو کر کے ٹراما سینٹر خضدار میں بنیادی طبی امداد فراہم کر کے مرک ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خضدار منتقل کردیا۔

دوسری جانب کوئٹہ میں حاجی غیبی روڈ نزد شمس مسجد کے قریب ٹریکٹر نے 3 بچوں کو کچل دیا واقعہ کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعہ کی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

کوئٹہ میں ہی سریاب کلی کمالو کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے شاہد احمد سمالانی نامی شخص کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے-

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے-

دریں اثناء بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے تحصیل اوتھل زیروپوائنٹ کے قریب سے ایک نامعلوم شخص کی نعش برآمد ہوئی ہے جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال اوتھل پہنچایا گیا-

اسپتال ذرائع کے مطابق مذکورہ نعش تین دن پرانی ہے اور لاش کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔