بلوچستان: فائرنگ و دیگر واقعات میں چار افراد جانبحق، 11 زخمی

116
File Photo

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں مجموعی طور پر 4 افراد جانبحق، مزید 11 افراد زخمی ہوگئے ہیں-

تفصیلات کے مطابق خضدار میں چکول کے مقام پر حادثے میں زخمی قبائلی شخصیت زخموں کی تاب نالاتے ہوئے چل بسا، وہ گذشتہ روز سے کراچی میں زیر علاج تھیں-

دوسری جانب بلوچستان کے صنعتی شہر حب چوکی میں شاکر ہوٹل کے قریب مین آر سی شاہراہ پر راہ چلتے چنگچی رکشے پر نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے 22 سالہ امداد حسین ولد ریاض حسین نامی نوجواںن شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا-

حب ہی میں حب عدالت روڈ پر بلوچ کالونی کے قریب موبائل فون کے سودے کے لین دین پر دو پڑوسی دکانداروں میں تصادم میں اسلحہ لاٹھیوں اور چھریوں کا آزادانہ استعمال اور فائرنگ سے 40سالہ عبدالصمد ولد حاجی قاسم نامی راہ گیر گولی لگنے سے جانبحق ہوگیا جبکہ 6 افراد سراج، صمد، نظام، اسامہ اور سعد گولیاں لگنے اور چھریوں کے وار سے زخمی ہوگئے-

زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایدھی ریسکیو ذرائع کے مطابق دو زخمیوں کی حالت نازک ہے ۔

مزید برآں قلات کے یونین کونسل پندران کے لیویز اہلکار ریاض احمد راہزنوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ریاض احمد ڈایا پندران میں اپنی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد زہری بازار جاکر واپسی پندران اپنے گھر آتے ہوئے سوہندہ زہری کے مقام پر نامعلوم ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کی جس سے ریاض احمد کی ٹانگ پر ایک گولی لگی-

گولی لگنے سے ریاض احمد شدید زخمی ہوگئے جنھیں طبعی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے-

دریں اثناء بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد میں بلیدی برادری کے دو گروہوں میں تصادم کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 4 افراد زخمی ہو گئے۔

دو گروہوں کے درمیان تصادم اوستہ محمد سٹی تھانہ کی حدود میں مسن محلہ میں ہوا، اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی، لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق قتل ہونے والے شخص کی شناخت ہوت خان بلیدی کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمیوں میں اللہ ڈنو، آصف علی، محمد ایوب سمیت چار افراد شامل ہیں۔ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے-