بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت سے پاکستانی فورسز نے ایک شخص کو جبری لاپتہ کردیا جبکہ پنجگور اور نوشکی سے لاپتہ سات افراد بازیاب ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تربت، زیارت آپسر سے نوجوان محمد عارف ولد پیر بخش نامی نوجوان کو جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات کو پاکستانی فورسز نے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق عارف ایک مزدور پیشہ شخص ہے جو کہ گوادر اسٹاپ پر کام کرتا ہے۔
خیال رہے کہ تربت میں جبری گمشدگیوں کے خلاف لواحقین کا ایک طرف دھرنا بھی جاری ہے جبکہ دوسری جانب جبری گمشدہ افراد کی بازیابی کے بجائے لوگ لاپتہ ہورہے ہیں۔
دوسری جانب نو مئی کو پنجگور کے علاقے چتکان سے جبری گمشدگی کے شکار بننے والے زاہد حسین بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے۔
ادھر نوشکی سے اطلاعات ہیں کہ گذشتہ دنوں لاپتہ ہونے والے چھ افراد بازیاب ہوگئے ہیں۔
مذکورہ افراد کو 23 جون کو زیارت سے پکنک منانے کے بعد واپسی پر درینگڑھ مستونگ کے مقام سے لاپتہ کیا گیا تھا۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے مذکورہ افراد کل کوئٹہ ائیرپورٹ کے قریب سے بازیاب ہوکر منظر عام پر آگئے ہیں۔