کوئٹہ پریس کلب تالہ بندی، ڈاکٹر ماہ رنگ و ساتھیوں کے خلاف ایف آئی آر درج

510

کوئٹہ پولیس نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کردی۔

ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر ماہ بلوچ، صبغت اللہ بلوچ اور بیبگر بلوچ نے اٹھارہ مئی کو عدالت روڈ پر احتجاج کرکے روڈ کو بلاک کرکے ٹریفک کی روانی کو معطل کیا اور پریس کلب کا تالہ توڑ کر پاکستان کے خلاف نعرہ بازی اور تقریر کی ہے۔

پولیس نے دعویٰ کہا ہے کہ مذکورہ دن دہشت گردی کے پیش نذر سول انتظامیہ نے پریس کلب اور میٹرو پولیشن بند کردیئے تھے۔

خیال رہے کہ مذکورہ دن بلوچ یکجہتی کمیٹی کے زیر اہتمام “گوادر: میگا پروجیکٹس سے میگا جیل تک” کے نام پر کوئٹہ پریس کلب میں کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا تھا مگر شرکاء کے پہنچنے سے قبل انتظامیہ نے پریس کلب کو تالہ لگا دیا تھا۔

اس حوالے سے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں صحافیوں نے کوئٹہ پریس کلب کی تالہ بندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدام آزادی صحافت پر حملہ اور آئین کے آرٹیکل 19 کی کھلی خلاف ورزی ہے-

کوئٹہ پریس کلب کی تالا بندی کے خلاف صحافیوں نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کا بھی بائیکاٹ کیا تھا۔

صحافیوں نے پریس کلب کے تالہ بندی پر انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور ڈی سی کوئٹہ کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا، بعد ازاں وزیراعلٰی بلوچستان کی یقین دہانی پر اسمبلی اجلاس کا واک آﺅٹ ختم کیا گیا جس میں صحافیوں کی جانب سے 4 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔