کوئٹہ: ایس ایچ او ڈرائیور سمیت چوری کے الزام میں گرفتار

171

کوئٹہ ایس ایچ او اور انکا ڈرائیور مبینہ طور پر گاڑی چوری کرنے میں ملوث نکلیں، سول لائن پولیس نے پشین اسٹاپ کے پارکنگ سے چوری شدہ گاڑی برآمد کرلی۔

پولیس نے پارکنگ سیل کرتے ہوئے پارکنگ کے ملازم کو حراست میں لے لیا، گاڑی مبینہ طور پر ایس ایچ او بجلی گھر تھانہ اور انکے ڈرائیور نے گزشتہ رات کھڑی کی تھی۔

پارکنگ ملازم نے بتایا کہ ایس ایچ او ملک آصف اور ان کا ڈرائیور محمد حسن ہمیشہ گاڑیاں یہاں پارک کرنے لے آتے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی کوئٹہ نے ایس ایچ او بجلی گھر تھانہ اور انکے ڈرائیور کو معطل کردیا، ڈی آئی جی کوئٹہ کے احکامات پر دونوں کو گرفتار کرکے چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد پارکنگ ملازم کو رہا اور پارکنگ کو شہریوں کےلئے کھول دیا۔