بلوچستان: جبری لاپتہ تین افراد بازیاب

640

بلوچستان کے مختلف علاقوں سے جبری لاپتہ تین افراد بازیاب ہوگئے، بازیاب افراد کا تعلق مچھ، کیچ اور مستونگ سے ہیں۔

مچھ بولان سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ گل زمان کرد بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے۔

گل زمان کو رواں سال مارچ میں جبری لاپتہ کیا گیا تھا۔

خیال رہے گل زمان کرد کے بھائی شیر زمان کرد کو 12 فروری 2011 کو جبری لاپتہ کیا گیا تھا بعد ازاں مارچ میں ان کی مسخ شدہ لاش کوئٹہ سے برآمد ہوئی تھی۔

دریں اثناء گذشتہ روز بلیدہ سے جبری لاپتہ  شاہ جہان ولد ملا نور اللہ بازیاب ہوگئے۔

 پاکستانی فوج نے بلیدہ کے علاقے گلی میں آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے شاہ جہان کو ان کے بھائی صادق کے ہمراہ ان کے گھر سے جبری لاپتہ کردیا تھا۔

واقعے کے خلاف گذشتہ روز لواحقین نے علاقہ مکینوں کے ہمراہ پاکستانی فوج کے کیمپ کے سامنے دھرنا دیا جبکہ گذشتہ رات مظاہرے کو سبوتاژ کرنے کیلئے ڈیتھ اسکواڈ اہلکاروں نے مظاہرین کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔

علاوہ ازیں مستونگ سے جبری لاپتہ عبدالرازق ولد عبدالرشید بنگلزئی بازیاب ہوگئے۔ انہیں 7 نومبر 2020 کو شنگی روڈ مستونگ سے لاپتہ کیا گیا تھا۔

عبدالرازق کو نوشکی میں رہا کردیا گیا جبکہ ان کے قریبی ذرائع ان کی بازیابی کی تصدیق کردی ہے۔