اوتھل: مسافر بس کو حادثہ، آگ لگنے سے پانچ افراد جھلس کر جانبحق، 10 زخمی

161

بلوچستان میں روڈ حادثات نے مزید جانے لے لی ہے۔ مسافر بس میں سوار پانچ افراد زندہ جھلس گئے۔

اوتھل کے قریب وایارو کے مقام پر کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ گذشتہ شب حادثے کا شکار ہوگئی، کوچ کے الٹتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی، اسپتال اور دیگر ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں پانچ مسافر جھلس کر جانبحق ہوئے ہیں جبکہ 10 زخمی ہیں۔

زخمیوں اور جانبحق افراد کو اوتھل اسپتال منتقل کیا گیا ہے بیلہ اور اوتھل کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور شدید زخمیوں کو کراچی اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈپٹی کمشر لسبیلہ حمیرہ بلوچ کے مطابق کوچ میں 28 مسافر سوار تھے کئی مسافروں نے کوچ سے چھلانگ مار کر جانیں بچائیں، حادثے کی وجہ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکل سے ٹکرانا بتائی جارہی ہے۔

انتظامیہ نے حادثے اور امدادی سرگرمیوں کے سبب رات تک وایارو کے مقام پر کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ کو ٹریفک کی روانی کےلئے بند کردیا ہے اور تمام گاڑیوں کو اوتھل اور بیلہ کے قریب روک دیا گیا ہے۔

بلوچستان میں شاہراؤں پر حادثات کا سلسلہ تھم نا سکا اس سے قبل انتیس مئی کو تربت سے کوئٹہ جاتے ہوئے بسیمہ کے مقام پر بس حادثے میں 28 افراد جانبحق ہوئے تھیں۔

اسی طرح بلوچستان میں رواں سال جنوری سے اب تک پانچ ماہ کے دوران سات ہزار سے زائد حادثات ہو چکے ہیں۔ ان حادثات میں نو ہزار سے زائد افراد زخمی اور 190 ہلاک ہوچکے ہیں۔