کوئٹہ: عوام نے حکومت بلوچستان کی طرف سے لگائے گئے بینرز اکھاڑ دیے

347

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے سرینا چوک میں حکومت بلوچستان کی جانب سے 28 مئی کے مناسبت سے لگائے گئے پوسٹرز اور بینرز کو عوام نے اکھاڑ دیا ۔

واضح رہے کہ حکومتی سطح پر ہرسال 28 مئی کو یوم تکبیر جبکہ بلوچ قوم دوست حلقوں کی جانب سے اس دن کو یوم آسروخ کی مناسبت سے منایا جاتا ہے ۔

پاکستان کے دیگر صوبوں میں اٹھائیس مئی کو یوم تشکر یا یوم تکبیر کے طور پر منایا جاتا ہے لیکن بلوچستان میں گذشتہ کئی سالوں سے بلوچ قوم پرست اس دن کویوم سیاہ اور یوم مذمت کے طور مناتے ہیں۔ بلوچ قوم پرستوں کا مؤقف ہے کہ پاکستان نے ایٹمی صلاحت حاصل کرنے کے بلوچوں کی سرزمین و جان کی پرواہ کیئے بغیر ایٹمی تجربات کیے۔

یاد رہے کہ 1998 میں ( پاکستان )مرکز میں نواز شریف کی حکومت تھی اور بلوچستان میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل وزیراعلیٰ تھے۔ کئی بلوچ حلقے اس کی ذمہ دار بی این پی اور اختر مینگل کو قرار دیتے ہیں بقول ان کے ان میں بی این پی برابر شریک ہیں۔

بلوچ قوم پرستوں کا موقف ہے کہ 28مئی 1998کو بلوچستان کے علاقہ چاغی میں ایٹمی دھماکہ کرکے پاکستان نے ناصرف چاغی بلکہ پورے بلوچستان کے فضاء کو زہر آلود بنایا ہے۔

قوم پرستوں کا موقف ہے کہ 28مئی1998سے لے کر اب تک دھماکوں کی وجہ سے چاغی سمیت بلوچستان بھر میں جان لیوا بیماریوں نے انسانی بقاء اور زندگی کو مشکلات سے دوچار کیا ہے، جبکہ چاغی اور ملحقہ علاقوں کے درجہ حرارت میں ماضی کی نسبت زیادہ شدت نظر آتی ہے، جبکہ ان علاقوں کو کیمیائی خطرناک بادلوں کا مسلسل سامنا کرنا پڑرہا ہے۔