نوشکی، سوراب اور مستونگ کے علاقوں میں پاکستان فوج کی نقل و حرکت میں اضافہ

719
فائل فوٹو

نوشکی، سوراب اور مستونگ کے علاقوں میں پاکستان فوج کی نقل و حرکت میں اضافہ، پاکستان فوج بڑی تعداد میں نفری سمیت راشن منتقل کرنے میں مصروف

نوشکی میں پاکستان فوج کی بڑے پیمانے پر نقل و حرکت دیکھنے میں آئی ہے۔ فورسز اونٹوں کے ذریعے راشن پہاڑی سلسلے سے متصل علاقوں میں منتقل کررہی ہے۔

علاقائی ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ گذشتہ روز سے نوشکی کے پہاڑی علاقے ریکو اور اس سے متصل علاقوں میں پاکستان فوج کی بڑی تعداد میں پیش قدمی جاری ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق فورسز اونٹوں کے ذریعے مذکورہ علاقوں میں اپنے لیے راشن منتقل کررہی ہے۔

دریں اثناء سوراب سے بھی پاکستان فوج کی پیش قدمی کی اطلاعات ہیں جبکہ مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں آج صبح سے پاکستانی فوج کی گاڑیوں پر مشتمل قافلے علاقے میں دیکھے جاسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان فوج ممکنہ طور پر بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کی تیاریوں میں مصروف ہے جس کی زد میں نوشکی، قلات اور خاران کے علاقے آسکتے ہیں۔

قبل ازیں مزنبند اور تمپ سے پاکستان فوج کی نقل و حرکت کی خبریں سامنے آئے تھیں۔

پاکستانی حکام نے تاحال فورسز کی بڑے پیمانے پر نقل و حرکت کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

بلوچستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی بلوچستان بھر میں سخت فوجی آپریشن کا کہہ چکے ہیں۔ گذشتہ مہینے انہوں نے کہا کہ ریاست اپنی ’طاقت کے ساتھ ان عسکریت پسندوں پر حملہ آور‘ ہو گی۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ’ریاست کی رٹ کو قائم کرنا ہوگا اور ہم کریں گے۔ پولیٹیکل آنرشپ اپنی فورسز کو دیں گے۔‘