زامران میں پاکستان فوج کے پیدل اہلکاروں پر حملہ

425

فورسز اہلکاروں پر اس وقت حملہ ہوا جب وہ گذشتہ رات جاسوس کیمروں کو تباہ کرنے کی جگہ کا معائنہ کررہے تھے۔

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے زامران میں مسلح افراد نے پاکستان فوج کے اہلکاروں کو ایک حملے میں نشانہ بنایا ہے۔

ذرائع کے مطابق فورسز کے پیدل اہلکاروں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ گذشتہ رات نشانہ بننے والے کیمروں، مواصلاتی آلات کی جگہ کا معائنہ کرنے پہنچے تھے۔

حملے میں فورسز کو جانی نقصان اٹھانے کی اطلاعات ہیں تاہم حکام نے اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

خیال رہے گذشتہ رات زامران پگنزان میں نامعلوم افراد نے فوج کی جانب سے نصب کیے گئے جدید کیمروں اور مواصلاتی سسٹم و ان سے منسلک آلات کو نشانہ بنایا تھا۔

قبل ازیں گذشتہ دنوں زامران کے علاقے ساہ دیم میں پاکستان فوج کی جانب سے نصب کیمروں و برقی آلات کو نشانہ بناکر تباہ کردیا تھا۔

مذکورہ کارروائی کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی تاہم آج ہونے والے حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔