حکومت نے اسرائیل میں نیوز چینل الجزیرہ بند کرنے کا فیصلہ کر لیا – نتن یاہو

130

اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے اتوار کو کہا ہے کہ ان کی حکومت نے قطر کے نیوز چینل الجزیرہ کو اسرائیل میں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق الجزیرہ ٹیلی ویژن کے ساتھ نتن یاہو کی انتظامیہ کا طویل عرصے سے تنازع چل رہا ہے۔

نتن یاہو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ حکومت نے ’متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ اسرائیل میں الجزیرہ چینل بند کر دیا جائے گا۔‘

اس سے قبل گذشتہ ماہ کے آغاز میں اسرائیلی پارلیمنٹ نے ایک قانون کی منظوری دی تھی جس کے تحت سینیئر وزرا سکیورٹی عوامل مدنظر رکھتے ہوئے غیر ملکی نیوز نیٹ ورکس کو بند کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔

روئٹرز کے مطابق بنیامین نیتن یاہو نے قانون کی منظوری کے بعد کہا تھا کہ ’الجزیرہ اب اسرائیل سے نشر نہیں کیا جائے گا۔ میں چینل کی سرگرمی کو روکنے کے لیے نئے قانون کے مطابق فوری طور پر کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔‘

اسرائیل اکثر الجزیرہ کو تنقید کا نشانہ بناتا رہا ہے جس کے دفاتر مغربی کنارے اور غزہ میں ہیں۔

مئی 2022 میں اسرائیلی فورسز نے الجزیرہ کی سینیئر صحافی شیریں ابوعقیلہ کو اس وقت گولی مار کے قتل کر دیا تھا جب وہ مغربی کنارے کے قصبے جنین میں اسرائیلی فوج کے چھاپے کی کوریج کر رہی تھیں۔

غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے دوران الجزیرہ چینل کے متعدد صحافی اور ان کے اہل خانہ اسرائیلی بمباری میں جان سے جاچکے ہیں۔