خضدار: غیرت کے نام پر نوجوان لڑکی اور لڑکا قتل

589

بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے گریشہ میں غیرت کے نام پر ایک نوجوان لڑکی اور لڑکے کو قتل کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خضدار کے گریشہ میں غیرت کے نام پر شہزادی ولد غلام جان اور محمد نور ولد رمضان نامی نوجوان لڑکے اور لڑکی کو قتل کیا گیا ہے۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گذشتہ روز بارہ اپریل کو شام کے وقت گریشہ کے علاقے گونی میں پیش آیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے پہلے لڑکے کو اور بعدازاں لڑکی کو قتل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کا مسئلہ گزشتہ کئی دہائیوں سے رائج ہے۔ غیرت کے نام پر قتل کو کبھی کبھار ‘کارو کاری’ کہا جاتا ہے، جو خاص کر کے بلوچستان کے نصیرآباد اور جعفرآباد ضلعوں میں عام ہے، تاہم بلوچستان کے دیگر علاقوں میں اسطرح کے واقعات شاذ و نادر سے پیش آتے ہیں۔

اس طرح کے واقعات زیادہ تر اس وقت پیش آتے ہیں جس میں غیر شرعی جنسی تعلقات کے الزام پر فرد کو سزائے موت دی جاتی ہے۔ ہر برس، ان گنت خواتین اور مرد اس قسم کے جرائم کا شکار بنتے ہیں۔