جبری لاپتہ سہیل و فصیح بلوچ کی عدم بازیابی، سوشل میڈیا کیمپئن کا اعلان

150

بلوچستان یونیورسٹی سے جبری گمشدگی کے شکار طلباء کی طویل جبری گمشدگی و عدم بازیابی کے خلاف سوشل میڈیا پر کیمپئن چلائی جائیگی۔ بلوچ وائس فار جسٹس

بلوچ وائس فار جسٹس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم نومبر 2021 کو بلوچستان یونیورسٹی احاطے سے جبری طور پر لاپتہ کئے گئے طلباء سہیل بلوچ اور فصیح بلوچ کی بحفاظت بازیابی کے لئے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ایکس، سابقہ ٹوئٹر پر 21 اپریل 2024 کو شام 7 بجے سے 12 بجے تک مہم چلائی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم نومبر 2021 کو بلوچستان یونیورسٹی کے اندر سے سہیل اور فصیح کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا، ان کی گمشدگی کے خلاف طلباء تنظیموں نے طویل احتجاج کئے اور تعلیمی اداروں میں کلاسز سے بائیکاٹ بھی کیا گیا اس دوران سابق صوبائی حکومت اور اپوزیشن پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی تھی، جنہوں نے طلباء سے مذاکرات کئے اور انہیں یقین دلائی کہ کچھ دنوں میں دونوں طلباء کو بازیاب کیا جائے گا لیکن دو سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود وہ تاحال بازیاب نہیں ہوسکے ہیں-

بیان میں کہا گیا ہے کہ سہیل و فصیح کی طویل جبری گمشدگی حکومتی دعووں کی ناکامی و طلباء کی باحفاظت بازیابی کے لئے 21 اپریل کو ایکس پر آن لائن کمپین کا انعقاد کیا جائے گا-

انہوں نے تمام سیاسی و سماجی تنظیموں، شخصیات، طلباء، صحافیوں، وکلاء، انسانی حقوق اور سوشل میڈیا کے کارکنوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس مہم میں حصہ لے کر سہیل بلوچ اور فصیح بلوچ کی بازیابی کے لئے آواز بلند کریں۔