بلوچستان میں بارشیں، مکران کا کراچی سے زمینی رابطہ منقطع

303

بلوچستان کے مختلف شہروں میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ گوادر اور مکران کا کراچی سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران گوادر میں 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اورماڑہ میں77، پسنی میں 66، جیوانی میں 40 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کوئٹہ میں 24گھنٹوں کے دوران 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پنجگور میں 15، قلات اور تربت میں 11،11 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ اس کے علاوہ خضدار، نوکنڈی اور ژوب میں 5،5 ملی میٹر جبکہ دالبندین میں 4 اور لسبیلہ میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گوادر، پسنی، نوشکی، نوکنڈی اور بارکھان میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

سیلاب کے باعث مکران کوسٹل ہائی وے پر بسول ندی کا پُل ٹوٹ گیا جس کے باعث ہائی وے 2 مقامات سے بند ہو گئی اور گوادر اور مکران کا کراچی سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، اورماڑہ کے دیہی علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال ہے متاثرین اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔